کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے بجلی قیمتوں میں کمی کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے عوامی و تاریخی دھرنے کی کامیابی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔بجلی گیس پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرکے مہنگائی کوکنٹرول اورعوام کوریلیف پہنچایا جاسکتا ہے۔حکومت آئی ایم ایف کی غلامی اورڈکٹیشن پربجلی مہنگی کرکے عوام پربجلیاں گرانے کی بجائے عوامی مشکلات اورقومی مفاد کوسامنے رکھ کراپنی پالیساں بنائے کیونکہ ریاست ڈائن نہیں ماں ہوتی ہے۔ بجلی سستی ہونا عوامی طاقت کی بڑی کامیابی ہے تاہم یہ کمی اب بھی ناکافی ہے ۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود شہبازحکومت اس کا پورا فائدہ عوام کو نہیں پہنچنے دے رہی ہے۔ریلیف کی بجائے لیوی ٹیکس دس روپے بڑھاکر سترروپے کردینا عوام کے ساتھ سراسرظلم ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ وزیر اعظم حکومتی اخراجات میں کفایت شعاری پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ وفاقی کابینہ مختصر رکھیں، وزراء کے شاہانہ پروٹوکول اور مراعات پر حدود و قیود عائد کریں۔ مختلف حکومتی اداروں کے اعلیٰ ترین مناصب پر موجودہ حکام اور نیچے سے اوپر تک بیوروکریسی کے اخراجات محدود کیے جائیں اور انہیں مفت فراہم کی جانے والی بجلی، گیس، پٹرول، رہائش و خوراک وغیرہ کی سہولتوں میں خاطر خواہ کمی کر دی جائے تو حکومت کو اس کے نتیجے میں عوام کو بہتر معیار زندگی کی فراہمی کے لیے وافر وسائل دستیاب ہو جائیں گے۔