امیر جماعت اسلامی کراچی کی زیر قیادت ادارہ نورحق میں اجلاس 11اپریل کو آئی جی آفس پر احتجاج کا اعلان

کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان کی زیر قیادت ادارہ نورحق میں کراچی کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز و مسلح ڈکیتی کی وارداتیں ، ہیوی ٹریفک سے ہلاکتوں کے حوالے سے 11اپریل کو آئی جی آفس پر احتجاج کا اعلان کیا گیا ۔ اجلاس میں حق دو کراچی تحریک کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ہیوی ٹریفک ،ڈمپرو ٹینکر کی ٹکر سے ہلاکتوں کی تعداد 200سے زائد ہوچکی ہیں ، اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کم ہوئے ہیں اخباری اطلاعات کے مطابق رواں سال 3ماہ میں اسٹریٹ کرائمز کے 16ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور بہت سے ایسے واقعات ہیں جن کی رپورٹ ہی درج نہیں کروائی جاتی ۔

اجلاس میں امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت حق دو عوام کوتحریک کی جدوجہد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔راولپنڈی میں 14روزہ دھرنا دیا گیا تھا ، کراچی میں بھی گورنر ہاؤس پر7روزہ دھرنا دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اب بجلی کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جماعت اسلامی کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے نتیجے میں تاخیر سے ہی صحیح لیکن عوام کو ریلیف ملا لیکن بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی کی جانی چاہیے ۔

اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا اور طے کیا گیا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز و مسلح ڈکیتی کی وارداتیں ، ہیوی ٹریفک سے ہلاکتوں کے حوالے سے 11اپریل بروز جمعہ شام 4بجے آئی جی آفس پر احتجاج کیاجائے گا۔امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حق دو کراچی تحریک کا حصہ بنیں اور احتجاج میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں ۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے ڈیفنس فیز 1میں ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران 8سالہ بیٹے کے سامنے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اس کے والد عامر سلطان کے گھر جاکر ان کے بھائی شاکر سلطان ،اہل خانہ و لواحقین سے ملاقات اور مغفرت کی دعاکی۔ اس موقع پرامیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیا ن دلاور ،زیب محمد ممریز خان ایڈوکیٹ، منظور خان ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے سانحے پر گہر ے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہر کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ کوئی بھی شہری محفوظ نہیں ہے ، جماعت اسلامی اسٹریٹ کرائمز ومسلح ڈکیتی کی وارداتوں ،ہیوی ٹریفک سے حادثات کے خلاف آئی جی ہاؤس پر دھرنا دے گی ۔جماعت اسلامی آپ کے اور اہل خانہ کے ساتھ ہے اورقانونی کاروائی کے لیے بھی تعاون کے لے تیار ہے ۔