ناہموار وبغیر حفاظتی دیوار سڑک کی وجہ سے ٹنڈوالہ یار میں کراچی کے 4 نوجوان بچوں کی ہلاکت افسوس ناک ہے،جاوداں فہیم

کراچی(صباح نیوز) ناہموار اور بغیر حفاظتی دیوار سڑک کی وجہ سے ٹنڈوالہ یار میں کراچی کے 4 نوجوان بچوں کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک ہے۔ سہولتوں کے فقدان سڑک کے گڑھوں ٹوٹی شاہرائوں پر پے در پے حادثات کے ذمہ دار بے حس حکمران ہیں۔ یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے کارکن جماعت اسلامی کراچی جمیلہ اسلم کے جواں سال صاحبزادے عبد الاحد ولد محمد اسلم کی تعزیت کے موقع پر کہی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی 17سالہ صوبائی حکومت کی نااہلی و ناقص کارکردگی کے باعث شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں ، کراچی سمیت اندرون سندھ کی سڑکیں بھی تباہ حال ہیں ، ٹوٹی ہوئی سڑک کے باعث کار نصیر کنال میں گرگئی جس کے باعث حادثہ رونما ہوا، سندھ حکومت کی کرپشن نے پورے سندھ کو تباہ کر دیا ہے۔اسے عوام کی فلاح وبہبود سے کوئی سروکار نہیں ساری فکر اپنے اقتدار اور کرسی کی ہے۔سارا ترقیاتی فنڈ کھانے پینے کی نذر ہو جاتا ہے ،پورا صوبہ کھنڈر بنا ہوا ہے ،کہیں کھلے گٹروں میں بچے ڈوب رہے ہیں ،کہیں ٹوٹی سڑکیں ،بے ہنگم ٹریفک خونی حادثات کا سبب بن رہا ہے۔ ناظمہ کراچی نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ ذرا سندھ کی طرف بھی دیکھیں ایکشن لیں آپ پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔