اسلام آباد (صباح نیوز) ترک ٹی وی سیریز و فلموں کی دنیا بھر میں دھوم ۔ ترک ٹی وی سیریز اور فلموں نے کامیابی کی سرحدیں عبور کر لیں۔ 600ملین ڈالر کی مالیت فلمیں اور سیریز 150سے زائد ممالک کو فروخت کی گئیں ۔ 2024 ء میں 602ملین ڈالر مالیت کی فلمیں اور ٹی وی سیریز 150سے زائد ممالک کو برآمد کی گئیں۔
ترک ٹی وی سیریز نے یورپ سے لیکر مشرق وسطی تک، لاطینی امریکہ سے ایشیاء تک وسیع ناظرین کو انٹرٹینمنٹ فراہم کی ہے۔ترک ڈرامے اور فلمیں ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے 150سے زیادہ ممالک میں 800ملین سے زیادہ ناظرین تک پہنچ کر اپنا آپ منوا چکے ہیں ۔ترکیہ کے شماریاتی ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ٹی وی سیریز اور فلم انڈسٹری سے برآمدات کا حجم 602 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے ۔
ترکیہ کی وزارت تجارت نے اس موضوع پر ایک بیان دیا اور اعلان کیا کہ امریکہ، برازیل، روس اور چین جیسی اعلی مسابقت والی مارکیٹوں میں ترک فلموں اور ٹی وی سیریز کی فروخت تیزی سے جاری ہے۔ترکیہ، جو اس وقت عالمی مارکیٹ میں ٹی وی سیریز کی برآمدات کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آچکا ہے، امریکہ اور برطانیہ کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ ٹی وی سیریز برآمد کرنے والا تیسرا بڑا ملک ترکیہ ہے۔جن ممالک میں ترک ٹی وی سیریز کی سب سے زیادہ مانگ ہے وہ اسپین، سعودی عرب ، مصر اورپاکستان ہیں۔