ریاض (صباح نیوز)سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد آج (بروز اتوار) 30 مارچ کو عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا گیا۔ سعودی شاہی دیوان نے اعلان کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق شوال کا چاند ہفتہ کی شام کو نظر آگیا ہے، جس کے بعد (بروز اتوار) 30مارچ کو عیدالفطر کا پہلا دن ہوگا۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات اور قطر میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور وہاں عیدالفطر کل (بروز اتوار) ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت، آسٹریلیا، انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا جہاں آج (بروز اتوار) 30واں روزہ اور عید پیر کو ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج (بروز اتوار)سر جوڑے گی۔ ماہرین فلکیات نے شوال کا چاند واضح نظرآنے کی امید ظاہر کردی۔شوال کاچاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (بروز اتوار)ہوگا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیرآزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔اجلاس شام 6بجے وزارت مذہبی امور کوہسار بلاک کی چھت پر ہوگا۔ پاکستانی اسپیس ایجنسی سپارکو نے کہا ہے کہ آج (بروز اتوار)پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے روشن امکانات ہیں۔سپارکو کے ترجمان نے کہاکہ شوال کا چاند آج (بروز اتوار)پاکستانی وقت کے مطابق 3بجکر 58منٹ پر تشکیل پا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج (بروز اتوار)جب غروب آفتاب ہوگا تو اس وقت چاند کی عمر تقریباً 27گھنٹے ہوگی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی پیشگوئی کی گئی ہے کہ آج (بروز اتوار) شوال کا چاند نظر آ جائیگا اور عیدالفطر 31مارچ بروز پیر کو ہوگی۔ بھارت میں عیدالفطر پیر کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت، آسٹریلیا، انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی میں ماہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا جہاں آج (بروز اتوار) 30واں روزہ اور عید پیر کو ہوگی۔خلیجی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے، جس کے بعد وہاں پر عید الفطر پیر کے روز ہوگی۔اسی طرح ملائیشیا، آسٹریلیا اور برونائی میں عید سوموارکو ہوگی۔