اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ سی ڈی اے کے ملازمین اور اسلام آباد کے عوام کو بہتر اور جدید صحت کی سہولیات کی فراہمی سی ڈی کی نہ صرف اولین ترجیح ہے بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے یہ بات سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی)کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان کی قیادت میں ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی، جس میں کیپیٹل ہسپتال میں صحت کی سہولیات کو بہتر سے بہترین فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا.
اس ملاقات کے بعد، سی ڈی اے اور اے ڈی بی نے اسلام آباد کے کیپیٹل ہسپتال کو ایک جدید طبی ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کئے. جسکے تحت ہسپتال کی سہولیات کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائے گا. اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے دستخط کئے کیے. تقریب میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر اسٹیٹ اسفندیار بلوچ اور سی ڈی اے و اے ڈی بی کے دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے نہ صرف اپنے شعبوں کے ماہرین اور قابل ڈاکٹرز کے ذریعے فراہم کی جانے والی خدمات کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا چاہتا ہے بلکہ صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بھی اپ گریڈ کرنا چاہتا ہے تاکہ سی ڈی اے کے ملازمین کو ایک ہی جگہ پر جدید خطوط پر معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوں جس سے عوام کی بیش قیمت جانوں کو بچایا جاسکے.
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت اے ڈی بی ایک ٹرانزیکشن ایڈوائزر کا انتظام کرے گا جو صحت کی سہولیات کی بڑی اپ گریڈیشن کو نافذ کرنے کیلئے تکنیکی مہارت اور مالی ڈھانچے کی مدد فراہم کرے گا. اس میں موجودہ ڈھانچے کی تعمیر اور تجدید بھی شامل ہوگی، جس سے ہسپتال کی موجودہ 500 بستروں کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سی ڈی اے کے ملازمین اور اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری سی ڈی اے کے ملازمین اور اسلام آباد کے عوام کو عالمی معیار کی صحت کی خدمات فراہم کرنے کے ان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اے ڈی بی کی تیکنیکی مدد سے ہم ایک ایسا طبی ادارہ قائم کریں گے جو بین الاقوامی معیارات پر پورا اترے گا اور تمام شہریوں کیلئے قابل رسائی ہوگا۔کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی ایما فان نے سی ڈی اے کے ملازمین کیلئے کیپیٹل ہسپتال میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی پاکستان کے صحت کے ڈھانچے کی ترقی میں مدد کے لیے پرعزم ہے۔ اپ گریڈ کیے گئے کیپیٹل ہسپتال میں جدید ترین طبی آلات، جدید علاج کی سہولیات اور بہتر مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات شامل ہوں گی۔ یہ منصوبہ اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان بالخصوص اسلام آباد میں عوامی صحت کی خدمات کے لیے نئے معیارات قائم کرے گا. دونوں فریقوں نے اپنی مضبوط عزم کا اظہار کیا کہ یہ تعاون اسلام آباد کے صحت کے شعبے میں طویل مدتی بہتری لائے گا، جس سے سی ڈی اے کے ملازمین کو معیاری طبی خدمات میسر آئیں گی جو بڑے نجی ہسپتالوں کے برابر ہوں گی جبکہ معاشرے کے تمام طبقات کی خدمت کا عزم بھی برقرار رہے گا۔(aw)