کراچی (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے جامع مسجد فاروقی کراچی میں افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں عوام غربت اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ حکومتی عہدیداران اپنی تنخواہوں میں بے پناہ اضافہ کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں ارکانِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافہ کیا گیا، جس سے قومی خزانے پر بھاری بوجھ پڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین کی صورت حال پر امتِ مسلمہ کے حکمران محض بیانات اور مذمتی قراردادوں تک محدود ہیں، جبکہ عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کے پاس فوجیں اور وسائل موجود ہیں، مگر ان کا استعمال نہیں کیا جا رہا، جبکہ دوسری جانب غزہ کے مظلوم عوام اپنے جذبہ ایمانی اور جہادی روح کے ساتھ ظلم و جبر کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلافتِ الٰہیہ اور خلافتِ راشدہ کے احیاء کے بغیر امت کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ آج دنیا بھر میں اسلامی شعائر کو اپنانے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، لوگ قرآن کی طرف رجوع کر رہے ہیں، مساجد آباد ہو رہی ہیں اور حجاب و پردے کی پابندی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات اس سمت بڑھ رہے ہیں جس کی بشارت نبی کریمۖ نے دی تھی کہ خلافت ایک بار پھر قائم ہوگی۔ امت کو قرآن و سنت سے جڑنے، اسلامی طرزِ زندگی اپنانے اور ایک مضبوط اسلامی نظام کے قیام کے لیے عملی جدوجہد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔