اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے)نے آندہ ماہ کراچی میں ہونیوالی نیشنل گیمز میں بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی۔
اس بات کا فیصلہ بیگم عشرت اشرف کی زیر صدارت ہونیوالے اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس میں کیا گیا جس میں سینئر نائب صدر محمد سرور رانا، سیکرٹری جنرل رضوان الحق رضی سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی نے قومی ایونٹ میں اسلام آباد کے کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت اور موثر نمائندگی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جن میں محمد سرور رانا کو (سپورٹس کمیشن)، اعجاز رفیع بٹ کو (مارکیٹنگ اور اسپانسرشپ)، صدف پروین کو (فنانس)کمیٹی کی سربراہی تقویض کی گی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوے اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کی صدر بیگم عشرت اشرف نے اسلام آباد کے کھلاڑیوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسلام آباداولمپک کا دستہ نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کھیلوں کے فروغ اور ترقی کیلئے پرعزم ہے۔