ہنگو(صباح نیوز) ہنگو میں سٹیشن چوک اور شاہوں چوک میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے لیے سورج سے بچا وکی چھتریاں نصب ہو گئی ہیں ۔ڈی پی او ہنگو محمد خالد خان (PSP) کی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی امجد خان اور انچارج ٹریفک مجاہد خان نے سورج سے بچا وکی چھتریاں کروا دیں تاکہ شدید گرمی میں ڈیوٹی انجام دینے میں کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔
ڈی پی او ہنگو کا کہنا تھا کہ چھتریاں نصب کرنے کا مقصد ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ریلیف فراہم کرنا ہے کیونکہ ایک طرف رمضان المبارک کا مقدس مہینہ جاری ہے اور دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے اہلکار متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے اور ہم ان کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ٹریفک انچارج نے ہنگو عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس سے مکمل تعاون کریں کیونکہ یہ عوام کی سہولت کے لیے کام کر رہی ہے۔ رمضان المبارک کا آخری عشرہ جاری ہے اور عید کی تیاریاں جوش و خروش سے ہو رہی ہیں لہذا عوام سے گزارش ہے کہ غلط پارکنگ سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے تا کہ کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔