اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت نے یورپ کو برآمدہونے والے چاول کی قیمت میں کمی کافیصلہ کیاہے تاکہ پاکستانی چاول عالمی منڈی میں مزید مسابقتی ہو سکے۔ پاکستان میں میتھائل برومائیڈ کی دھونی (فومیگیشن)فوری طور پر بند کی جائے۔ اب فومیگیشن پاکستان کے بجائے برآمدی ممالک میں ہوگی۔تفصیلات کے مطابق یورپ کو پاکستانی چاول کی برآمدات میں انٹرسیپشنز کے مسئلے کے حل اور زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے اہم پالیسی فیصلے کیے ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی سیکرٹری وسیم اجمل چودھری کی زیر صدارت خصوصی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول صوبائی نمائندگان، نجی و ملٹی نیشنل کمپنیوں کے وفود نے شرکت کی۔
اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں میں سے ایک یہ تھا کہ پاکستان میں میتھائل برومائیڈ کی دھونی (فومیگیشن)فوری طور پر بند کی جائے۔ اب فومیگیشن پاکستان کے بجائے برآمدی ممالک میں ہوگی، تاکہ عالمی معیارات کے مطابق برآمدی عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔ مزید برآں، درآمدی شرائط کی سائنسی بنیادوں پر سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو اگلے دو ہفتوں میں نافذ العمل ہوگی۔اس اقدام سے پاکستانی چاول برآمد کنندگان کو براہِ راست فائدہ ہوگا کیونکہ اضافی فومیگیشن اخراجات ختم ہو جائیں گے
۔ اس کے نتیجے میں چاول کی برآمدی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ پاکستانی چاول عالمی منڈی میں مزید مسابقتی ہو سکے۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دیرینہ مطالبات کا بھی جائزہ لیا گیا، اور ایک شفاف و منصفانہ تجارتی نظام کے قیام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔علاوہ ازیں، زرعی اجناس کی تجارت میں اسپرے مافیا اور کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان ایک معتبر اور معیاری چاول برآمد کنندہ کے طور پر اپنی ساکھ کو مزید مضبوط بنا سکے۔وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور وفاقی سیکرٹری وسیم اجمل چودھری کی قیادت میں پاکستان کی زرعی معیشت کو مستحکم کرنے اور عالمی سطح پر برآمدی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے(aw)