کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس حادثے کا شکار

روہڑی (صباح نیوز)کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس روہڑی سٹیشن پر حادثے کا شکار ہوگئی۔ریلوے حکام  کے مطابق مسافر ٹرین کی ایک بوگی روہڑی سٹیشن پر پٹڑی سے اتر گئی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کرین لوکو شیڈ سے روانہ کر دی گئی تاکہ فوری طور پر بوگی کو ٹریک پر واپس لایا جا سکے۔ حادثے کے بعد اپ ٹریک بلاک ہوگئی، پٹڑی کو بھی نقصان پہنچا  تاہم واقعہ  میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

۔اپ ٹریک بلاک ہونے کی وجہ سے مختلف ٹرینیں اپنی منزل پر روانہ ہونے سے قاصر ہیں، حادثے کے باعث بہائو الدین زکریا ایکسپریس کو بیگماجی سٹیشن پر روک دیا گیا۔اس کے علاوہ شاہ حسین ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس، فرید ایکسپریس کو مختلف سٹیشنز پر روکا گیا۔ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فوری طور پر ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے تاکہ ٹرینوں کی روانگی کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔