سیکیورٹی فورسز کا ٹانک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن، 3دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی /اسلام آبادد(صباح نیوز)سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 8مارچ 2025ء کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں 3دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جو سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کارروائی کے دوران3دہشتگردوں کوہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی اورکہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کارروائی میں تین دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔