سندھ ہائیکورٹ کا گٹکے،ماوے کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم


کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے گٹکے اور ماوے کی فروخت کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں گٹکے اور ماوے کی خریدو فروخت میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے اس دھندے میں ملوث پولیس اہلکاروں اور افسران کیخلاف کارروائی سے متعلق آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے گٹکا اور ماوا فروشوں کی پولیس سرپرستی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو افسران اور اہلکار گٹکے کی خریدوفروخت میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے، گٹکے اور ماوے کی فروخت سے کینسر جیسی خطرناک بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

دورانِ سماعت پولیس نے بتایا کہ گٹکا ماوا فروشوں سے ڈیلنگ کرانے والے ایس ایس پی مٹیاری آصف بگھیو کو معطل کردیا گیا ہے،آئی جی سندھ نے آصف بگھیو کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔عدالت نے کہا کہ آصف بگھیو کے علاوہ جو جو پولیس اہلکار اور افسران اس دھندے میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔عدالت  نے گٹکا اور ماوا فروشوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے 18اپریل کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔