بجلی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کے خلاف سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کے6رکنی آئینی بینچ نے حکومت کی جانب سے بجلی بلوں میں سرچار ج ،ٹیکسز کے نفاز اور نیپراکی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کے خلاف سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی جانب سے دائر درخواست سماعت کے لئے مقررکردی۔بینچ درخواست پر رجسٹرارآفس کی جانب سے عائد اعتراضات پر کھلی عدالت میں سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل،جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس سیدحسن اظہررضوی، جسٹس مسرت ہلالی اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 6رکنی بینچ جمعہ 7فروری کو درخواست پرسماعت کرے گا۔ سراج الحق کی جانب سے قیصر امام اور کاشفہ نیاز بطور وکیل پیش ہوں گے۔ درخواست میں رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان کوفریق بنایا گیا ہے۔ بینچ دلائل سننے کے بعد رجسٹرار آفس کے اعتراضات کوبرقراررکھنے یاختم کرنے کا فیصلہ کرے گا۔