اسلام آباد(صباح نیوز)دفترخارجہ نے کہا ہے کہ جمہوریہ کانگو میں تنازعات میں حالیہ اضافے کے بعد گوما شہر میں 150 کے قریب پاکستانی پھنسے ہوئے تھے، جنہیں روانڈا میں داخلے کی اجازت مل گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ کیگالی میں پاکستان کے ہائی کمشنر، سفیر نعیم اللہ خان کی کاوشوں سے روانڈا کے حکام نے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو روانڈا میں داخلے کی اجازت دی ہے۔انہوں نے کہاکہ اب تک 75 کے قریب پاکستانی روانڈا منتقل ہوچکے ہیں۔ اور پاکستانی ہائی کمیشن کیگالی نے متاثرہ پاکستانیوں کے لیے رہائش اور کھانے کا انتظام کیا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ ہائی کمیشن پاکستانی کمیونٹی سے بھی رابطہ کررہا ہے تاکہ مشکل میں کسی دوسرے شہری کی شناخت اور ان تک پہنچ سکے۔انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں مزید پاکستانیوں کے روانڈا جانے کا امکان ہے، ہائی کمیشن کا عملہ ہر اس فرد سے رابطے میں ہے جس نے مدد کی درخواست کی ہے۔
ترجمان نے کہاکہ ہائی کمیشن سرحدی شہر بکاو میں پاکستانیوں تک بھی پہنچ رہا ہے، کسی بھی متاثرہ پاکستانی کو اگر مدد کی ضرورت ہو، تو وہ رابطہ کرسکتا ہے۔متاثرہ پاکستانی ہائی کمیشن سے واٹس ایپ نمبر +92 333 5328517 پر رابطہ کر سکتے ہیں،واضح رہے کہ جمہوریہ کانگو میں باغیوں کے قبضے کے باعث لوگ محصور ہوگئے ہیں جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔