حکومت نہیں چاہتی مذاکرات ہوں اور کوئی حل نکلے،بیرسٹرگوہر

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ مذاکرات ہوں اور کوئی حل نکلے۔اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے، حکومت نے مذاکرات میں لیٹ کیا، حکومت سنجیدہ ہوتی تو اپنا جواب دیتی، حکومت نے یہ کہا کہ 28 جنوری کو کمیٹی روم میں جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا تھا لیکن حکومت نے جواب نہیں دیا،

حکومت چاہتی نہیں تھی مذاکرات ہوں اور اس کا حل نکلے، ہمارے اوپر ہر قسم کی سختیاں کی گئیں اس کے باوجود بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات میں پہل کی۔انہوںنے کہا کہ آرمی چیف کے علاوہ کسی سے ملاقات نہیں ہوئی۔کیس کے حوالے سے بیرسٹرگوہر نے کہا کہ جج زیبا چوہدری کے سامنے ہمارا کیس لگا ہوا تھا، وہ قائم مقام جج ہیں اس وجہ سے انہوں نے تاریخ دی، ہم امید کرتے ہیں کہ ویسٹ کا مستقل جج ہوگا اور پراسس آگے چلے گا۔ یہ کیس آگے جا سکتا ہے، لطیف کھوسہ نے کیس کا اچھا ڈرافٹ تیار کیا ہے اور قانون کے مطابق چلے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بڑے ناموں کا کوئی فرق نہیں پڑتا ہے، کوئی بھی قانون سے اوپر نہیں ، عدالت دیکھے گی اگر کیس بنتا ہے تو چلائے گی۔