اسلام آباد(صباح نیوز)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نادرا کی خدمات اور کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے نادرا کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مشکلات پر گفتگو کی۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں سہولیات فراہم کرنا نادرا کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔سیدال خان نے بلوچستان میں شناختی کارڈ کے حصول کے عمل کو آسان اور تیز کرنے پر زور دیا اور کہا کہ نادرا کے اقدامات بلوچستان کے عوام کی خدمت کا آئینہ دار ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں۔چیئرمین نادرا نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو بلوچستان میں نادرا کے جاری منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی اور ادارے کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے نادرا کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا چاہیے اور شناختی کارڈ کے حصول کے عمل کو شفاف اور آسان بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں نادرا کے دفاتر کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے لوگوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کے حصول کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔