اسلام آباد(صباح نیوز) وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی الزامات بے بنیاد، غیر منطقی اور تاریخ سے لاعلمی پر مبنی ہیں، بغیر ثبوت حالیہ الزامات دو طرفہ تعلقات کے لیے معاون ثابت نہیں ہو سکتے۔
ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ 1954 سے پاکستان اور امریکا کے مثبت اور وسیع تعلقات رہے ہیں، پاکستان نے کبھی کسی بھی شکل میں امریکا کے لیے برے ارادے کا مظاہرہ نہیں کیا۔ان کا کہنا ہے کہ اسٹریٹجک صلاحیتیں دفاع اور جنوبی ایشیا میں امن کے تحفظ کے لیے ہیں، پاکستان اپنے قابلِ بھروسہ کم از کم دفاع کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان خطرات کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں کیحق سے دستبردار نہیں ہوسکتا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ 2012 سے امریکی عہدیداروں نے اس موضوع پر بات کرنا شروع کی، پاکستان کی مختلف حکومتوں، قیادت اور عہدیداروں نے وقتا فوقتا ان غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔