ڈیرہ غازی خان(صباح نیوز) کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ڈیرہ غازی خان پولیس نے مشترکہ کارروائی میں و دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تھانہ وہوا کے علاقے کوٹانی تال میں دہشت گردوں نے پولیس پر ہینڈ گرینیڈ اور بھاری اسلحے سے حملہ کیا۔ سی ٹی ڈی اور ڈی جی خان پولیس ٹیمیوں کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پنجاب پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر کے قریب دہشتگردوں کی نقل و حرکت کے پیش نظر پولیس ہائی الرٹ تھی۔ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل کمانڈ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی۔ دہشت گرد پنجاب کے تھانوں اور حساس مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دشتگردوں کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او وہوا، پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے دہشت گردوں کا تعاقب کیا۔پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو دیکھتے ہی دہشت گرد راکٹ، گرینیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ سے حملہ آور ہوئے۔
دہشتگردوں کی شدید فائرنگ کے باوجود پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ ایلیٹ فورس سمیت بیک اپ ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں اور دہشتگردوں کو پسپائی کا موقع نہ دیا۔ مقابلے کے دوران 2 خوارجی دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک کر دیے گئے۔ دہشت گردوں سے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ و دیگر جدید و بھاری اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس ، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ ٹیموں نے سرحدی علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن شروع کردیا ہے۔