اسرائیل کا شام پر جدید میزائلوں سے حملہ، شہر دھماکوں سے لرز اٹھا

دمشق (صباح نیوز)شام میں اسرائیلی حملوں میں تیزی، ساحلی شہر طرطوس پر 8 گھنٹے تک شدید بمباری۔اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ شب ایک بار پھر شام کے ساحلی شہر طرطوس کو نشانے پر رکھ لیا، 8 گھنٹوں تک ہونے والی بمباری کے نتیجے میں شہر  زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔انٹرنیشنل میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے 10 سے زیادہ حملے کیے بم باری اتنی شدید تھی کہ حملے کا نشانہ بننے والے علاقے ریکٹر اسکیل پر 3 کی شدت کے برابر جھٹکوں سے لرز اٹھے۔رپورٹ کے مطابق شام میں جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں فضائی دفاع کے یونٹ اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے گودام شامل ہیں۔

گزشتہ رات ہونے والے یہ حملے 2012 سے اب تک کے شدید ترین حملے تھے۔ان حملوں سے متعلق شامی فوجی افسر کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب شہر کو اسرائیلی بم باری میں اتنے بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیا۔شامی افسر کے مطابق اسرائیل نے ایسے میزائل استعمال کیے جو شاید پہلی مرتبہ شام پر بم باری میں استعمال ہوئے کہ دھماکوں کی آوازیں 10 کلو میٹر سے زیادہ دوری تک سنی گئیں۔اس شدید بم باری کے سبب علاقے میں رہنے والے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔شامی فوج کے سابق میجر جنرل کمال الموسی کے مطابق حالیہ اسرائیلی حملوں میں شامی فوج کے عسکری ساز و سامان کا 85 فیصد حصہ تباہ ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ 8 دسمبر سے اب تک اسرائیل نے شام کے مختلف علاقوں میں 500 سے زیادہ فضائی حملے کر چکا ہے۔

علاوہ ازیںشام کے ڈی فیکٹو لیڈر احمد الشعرا (ابو محمد الجولانی) نے کہا ہے کہ اسرائیل شام پر اپنے حملوں کا جواز پیش کرنے کے لیے جھوٹے بہانے کر رہا ہے لیکن وہ نئے تنازعات میں الجھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے کیونکہ ملک بشار الاسد کی حکومت کے خاتمہ کے بعد تعمیرِنو پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ابو محمد الجولانی حیات تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) گروپ کی قیادت کرتے ہیں جس نے گذشتہ ہفتے بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹا کر خاندان کی پانچ دہائیوں پر محیط حکومت کا خاتمہ کیا۔برطانوی خبر رساں اداریکے مطابق بشار الاسد کی حکومت ختم ہونے کے بعد اسرائیل شام کے اندر ایک غیر فوجی زون میں چلا گیا ہے جسے 1973 کی عرب اسرائیل جنگ کے بعد بنایا گیا تھا، بشمول سٹریٹجک پہاڑ ہرمون کا شامی حصہ، جہاں اس نے ایک شامی فوجی چوکی پر قبضہ کر لیا۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ وہاں رکنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور شام کی سرزمین میں دراندازی کو سرحدی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایک محدود اور عارضی اقدام قرار دیتا ہے۔ اس نے شام کے سٹریٹجک ہتھیاروں کے ذخیرے پر بھی سینکڑوں حملے کیے ہیں۔سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن سمیت کئی عرب ممالک نے اسرائیل کی جانب سے گولان کی پہاڑیوں کے ساتھ بفر زون پر قبضے کی مذمت کی ہے۔ابو محمد الجولانی نے حزب اختلاف کے ایک حامی چینل شام ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ اسرائیلی دلائل کمزور ہو چکے ہیں اور اب ان کی حالیہ خلاف ورزیوں کا جواز نہیں بنتا۔ اسرائیلیوں نے واضح طور پر شام میں حدود کو عبور کیا ہے، جس سے خطے میں غیر ضروری طور پر کشیدگی بڑھنے کا خطرہ ہے۔

برسوں کے تنازعات اور جنگ کے بعد شام کی جنگ زدہ حالت نئے تصادم کی اجازت نہیں دیتی۔ اس مرحلے پر ترجیح تعمیر نو اور استحکام ہے، ایسے تنازعات میں نہ الجھیں جو مزید تباہی کا باعث بنیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کا واحد راستہ سفارتی حل ہے اور یہ کہ فوجی مہم جوئی نہیں چاہتے۔روس کی فوجی مداخلت نے تقریبا ایک دہائی قبل بشار الاسد کے حق میں توازن قائم کرنے میں مدد کی تھی اور اس نے اس ہفتے کے شروع میں معزول رہنما کو پناہ دی تھی، اس کے بارے میں ابو محمد الجولانی نے کہا کہ شام کے ساتھ اس کے تعلقات کو مشترکہ مفادات کے لیے ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ مرحلے میں بین الاقوامی تعلقات کو محتاط طریقے سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔