توڑ پھوڑ کیس ،عمرایوب ،زرتاج گل کی عبوری ضمانت میں توسیع


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تحریکِ انصاف کے جلسے کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر  عمر ایوب اور پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی عبوری ضمانتوں میں 8 جنوری تک توسیع کر دی۔

عمر ایوب اور زرتاج گل کے خلاف تحریکِ انصاف کے سنگجانی جلسے کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی۔اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمر ایوب اور زرتاج گل کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ عمر ایوب اور زرتاج گل کی جانب سے وکلا سردار مصروف اور آمنہ علی عدالت پیش ہوئے۔عدالت نے عمر ایوب اور زرتاج گل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔