پروفیسر محمد ابراہیم خان کی قیادت میں جماعت اسلامی وفدکا افغان سفارت خانے کا دورہ

سلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان کی قیادت میں جماعت اسلامی پاکستان کے وفد نے اسلام آباد میں  افغانستان کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ وفد میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم اور اسلام آباد کے امیر نصر اللہ رندھاوا شامل تھے۔ سفارت خانے پہنچنے پر افغان سفیر سردار احمد شکیب نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد نے افغانستان کے وزیر خلیل الرحمن حقانی کی شہادت پر افغان سفیر سے تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی مغفرت کی دعا کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ خلیل الرحمن حقانی کی شہادت المناک سانحہ ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام امن کے خواہاں ہیں لیکن دشمن قوتیں امن و امان کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اور افغانستان امن و امان اور تعمیر و ترقی کے لیے ساتھ ساتھ چلیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان افغان سرحد پر واقع تمام گزر گاہیں کھول دے تاکہ عوام کی آمد و رفت اور تجارت کو درپیش مسائل حل ہو سکیں۔ گزر گاہوں کی بندش سے دونوں ممالک کے تاجر اور عوام پریشان ہیں اور ان کے کاروبار تباہ ہو رہے ہیں۔ حکومت سرحدی گزر گاہوں کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔ قبل ازیں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق نے بھی افغان سفارت خانے کا دورہ کیا اور افغان وزیر کے لیے مغفرت کی دعا کی۔