فلسطینیوں کی اسرائیلی درندوں کے ہاتھوں بے رحمانہ نسلی کشی انسانیت کے چہرے پر ایک بدنما داغ ہے،لیفٹینیٹ جنرل(ر) عبدالقیوم

ٹیکسلا (صباح نیوز) صدرایکس سروس مین سوسائٹی لیفٹینیٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہاہے کہ فلسطینیوں کی اسرائیلی درندوں کے ہاتھوں بے رحمانہ نسلی کشی انسانیت کے چہرے پر ایک بدنما داغ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ نام نہاد جدید دنیا نے بیشک سائنس اور ٹیکنالوجی میں بے پناہ ترقی کی ہے اور بلندیوں کو چھوا ہے لیکن بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ، انسانی حقوق کے تحفظ اور اعلی انسانی اقدار کی پزیرائی میں آج بھی دنیا ایک بہت گہرے سیاہ گڑھے میں دفن نظر آتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدرایکس سروس مین سوسائٹی سینیٹر لیفٹینیٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے راولپنڈی میں فلسطینوں کے ساتھ یکجہتی کے سلسلے میں منعقدہ ایک کانفرس میں کیا جس کا اہتمام انعم ایجوکیشن فانڈیشن اور لائنز کلب نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم قائد اعظم کے فرمان کے مطابق اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بین الاقوامی طاقتوں کا ضمیر فلسطین اور کشمیر جیسے انسانی حقوق اور حق خودارادیت کے سلسلے میں خوابیدہ ہے اور یہ نہ صرف اقوام متحدہ کے کام میں بڑی رکاوٹ ہیں بلکہ اس گھنانے جرم میں اسرائیل کی عملی مدد بھی کر رہے ہیں ۔ اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ صرف خاموش تماشائی اور بے اثر ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف نے جرات کے ساتھ اس معاملے کو اقوام متحدہ اور او آئی سی میں اٹھا کر پاکستانی قوم کی درست ترجمانی کی ہے۔