پی ٹی آئی جس طرح دھرنے سے دُم دبا کر بھاگی اس کی مثال نہیں ملتی، خواجہ آصف

سیالکوٹ (صباح نیوز)وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جس طرح دھرنے سے دُم دبا کر بھاگی اس کی مثال نہیں ملتی. کسی شہری کے جاں بحق ہونے کی شہادت نہیں ملی کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاشوں کا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ احتجاج کی جگہ تبدیل کرنے کی آفر پر عمران خان راضی تھے مگر بشریٰ بی بی نہیں مانی۔

ان خیالات کااظہار وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 3 روز پہلے پی ٹی آئی نے پوری کوشش کی کہ معیشت کی تباہی ہو جائے، دھرنا اسلام آباد پہنچا تو وہاں انہیں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ٹی آئی نے وفاق پر تیسرا حملہ کیا جسے ناکام بنایا گیا، احتجاج کے دوران سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جبکہ کسی شہری کے جاں بحق ہونے کی شہادت نہیں ملی۔ آج تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی، لطیف کھوسہ نے کہا ہمارے 278 لوگ مارے گئے ہیں، ہر لیڈر نے ہلاکتیں الگ الگ بتائیں کسی نے ہزار بندہ کہا کسی نے کچھ، مگر اب نمبر سنگل ڈیجٹ میں آگیا ہے، مگر ابھی تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی یا کسی مرنے والے کے وارثوں کی ویڈیو سامنے نہیں آئی نہ ایسا کوئی ثبوت سامنے آیا کہ وہاں خون ریزی ہوئی، زخمی ضرور ہوئے مگر مرنے کی شہادت کوئی نہیں ملی۔پی ٹی آئی قیادت نے بار بار ڈی چوک نہ آنے کا کہا، بشری بی بی نے کہا میں تو ڈی چوک ہی جاؤں گی، اسلحے اور مشینری سے لیس ہو کر کے پی حکومت نے وفاق پر حملہ کیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی یورپ میں رسائی پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، حکومت نے اسٹاک ایکسچینج میں بڑی کامیابی حاصل کی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 24 تاریخ کو تحریک انصاف نے دھرنے کی کال دی، دھرنے کے شرکا مختلف رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچے، جی ٹی روڈ پر جو ہوا پوری عوام نے دیکھا، احتجاج کے دوران رینجرز اہلکار شہید ہوگئے سینکڑوں پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پہلی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا تو تحریک انصاف کی قیادت دم دبا کر بھاگ گئی۔انہوں نے کہا کہ پہلی رکاوٹ آنے پر پی ٹی آئی میدان چھوڑ کر بھاگ گئی، دنیا کی تاریخ میں کسی جنگ میں ایسے دم دبا کر بھاگنے کی مثال نہیں ملتی، یہ لوگ تھوڑی بہت رکاوٹ کو دور کرتے رہے، کراڈ دیکھ کر اچھے بھلے بندے کا دماغ گھوم جاتا ہے، بشریٰ بی بی بضد تھیں کہ میں ڈی چوک ہی جاں گی۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گنڈاپور کی گاڑی کو احتجاج کے دوران اینٹیں اور لاٹھیاں پڑتی رہیں، پی ٹی آئی لاشوں کا پراپیگنڈا کررہی ہے، ہر پی ٹی آئی لیڈر مختلف نمبر بتا رہا ہے، علی امین گنڈاپور نے ہزاروں افراد کے مرنے کا بتایا، کسی مرنے والے کے ورثا کی ویڈیو سامنے نہیں آئی، بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور سب چھوڑ کر بھاگ گئے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کی حکومت نے پورے سازوسامان کیساتھ وفاقی دارالحکومت پر حملہ کیا، 2014 میں ان کے دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوگیا، دوسری دفعہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وجہ سے انہوں نے جلسہ رچایا، اب تیسری بار بیلاروس کے صدر و وفد کے دورے کو منسوخ کرنے کی کوشش کی گئی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے جب ووٹنگ ہوئی تو 90 سے95 فیصد لوگ پٹھان تھے، ہمارے پختون بھائیوں نے پاکستان کا بہت نام روشن کیا، ہم نے جو بھی منزلیں طے کیں ان سب میں تمام صوبوں نے کردار ادا کیا، شرپسند ہر صوبے میں پائے جاتے ہیں، ہمارے دفاعی اداروں نے امن و امان کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ دھرنے میں علی امین گنڈاپور کی گاڑی کو پتھر مارے گئے وہ پھر کہہ رہے ہیں دھرنا جاری ہے، پاراچنا میں قتل عام ہورہا ہے تب اس وزیراعلیٰ کا بنتا تھا اسلام آباد دھاوا بولنے کا؟ پاراچنا میں صوبائی حکومت کا کوئی رکن نہیں گیا، پاراچنا میں باقاعدہ طالبان کی پشت پناہی ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں نے کے پی سے متعلق جو خواب دیکھا ہے وہ پورا نہیں ہوگا، یہ پہلے دن سے آئی ایم ایف کو خط لکھتے رہے، کے پی سے اب کسی کو حملہ کرنے کیلئے اسلام آباد نہیں آنے دیں گے، پاکستان ایک آئینی ریاست ہے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی کوئی سوچ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہری شہریت کو ختم ہونا چاہیے، پاکستان کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، باہر کے ملکوں کی گلیوں اور محلوں میں پاکستان کو بدنام نہیں ہونے دیں گے۔وزیر سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی یورپی ممالک میں رسائی پر پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہیں، پی آئی اے کو اجازت ملنا ایک بڑا بریک تھرو ہے،ہم اب دوبارہ یورپ کی ٹریفک کا حصہ بھی بن رہے ہیں، سعد رفیق سمیت جنہوں نے محنت کی سب کا شکر گزار ہوں۔