بیروت(صباح نیوز) حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل کی جانب سے لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر کسی بھی معاہدے کو قبول کرنے سے انکار کردیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک ویڈیو بیا ن میں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ ان کی تنظیم ایسے کسی معاہدے کو قبول نہیں کرے گی جو لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرے۔نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ جارحیت کا ایک مکمل اور جامع خاتمہ چاہتی ہے جس میں لبنان کی خودمختاری کا بھی تحفظ کیا جائے، ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ دشمن اسرائیل جب چاہے لبنان کی سرزمین پر داخل ہو۔
حزب اللہ سربراہ نے کہا کہ اسرائیل ہمیں شکست دے سکتا ہے اور نہ ہی ہم پر شرائط لاگو کرسکتا ہے۔ بیروت پر حملوں کے بعد اسرائیل کو تل ابیب پر حملے کیلئے تیار رہناچاہیے۔ نعیم قاسم نے کہا کہ حسن نصر اللہ کی شہادت سے پہلے حزب اللہ نے امریکی صدر اور فرانسیسی صدر کے جنگ بندی منصوبہ کو قبول کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا اسرائیل جنوبی لبنان کے گائوں اور قصبوں میں داخل ہو کر فتح کا دعویٰ کر رہا ہے۔
حزب اللہ جنگ بندی کے ساتھ ساتھ لبنان کی سا لمیت کے تحفظ کیلئے مذاکرات کر رہی ہے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی سفیر نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سیز فائر کے لیے بیروت کا دور روزہ دورہ بھی کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس دوران لڑائی کے خاتمے کا ایک حقیقی موقع دیکھا ہے اور وہ اب اسرائیل جارہے ہیں تاکہ اس معاملے کو مزید قریب لایا جاسکے۔