اسلام آباد (صباح نیوز) جاپان نے پاکستان میں فلڈ مینجمنٹ پراجیکٹ کے لئے 18.5 ملین ڈالر گرانٹ کی منظوری دے دی، ترجمان اقتصادی امور نے کہا کہ فلڈ مینجمنٹ منصوبے میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی گرانٹ فراہم کرے گی، منصوبے کے ایکسچینج آف
نوٹس پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستخط کئے، منصوبے کے ایکسچینج آف نوٹس پر جاپان کی جانب سے جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو نے دستخط کئے۔
ترجمان اقتصادی امور نے کہا کہ منصوبے کے ذریعے سیلاب سے متعلق پیش گوئی کے نظام میں بہتری آئے گی،سیکرٹری اقتصادی امورنے کہا کہ فلڈمینجمنٹ منصوبے میں تعاون پر جاپان کے شکرگزار ہیں۔جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو نے کہا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔