ملک میں امن امان کی صورت حال کو خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی، قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان

اسلام آباد(صباح نیوز)قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے اسپیشل سیکرٹری وزارت داخلہ وقاص علی محمود نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک میں امن امان کی صورت حال کو خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پاکستان کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے حکومتی و سیکیورٹی اداروں کے درمیان بین الاادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان تعاون، معلومات کا تبادلہ اور ہم آہنگی قومی استحکام کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان سے متعلق اہم مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن پر عمل پیرا ہوکر بہت جلد ان مسائل پر قابو پا لے گی۔اسپیشل سیکرٹری داخلہ نے قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کو بتایا کہ ملک میں امن و امان کو مزید بہتر بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے اور سماجی و اقتصادی حالات کومد نظر رکھتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اشد ضرورت ہے ۔