وزیراعظم محمد شہبازشریف کا متاثرین سیلاب کے لئے غذر کے بوبر ماڈل ویلج کا دورہ

غذر۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے  متاثرین سیلاب کے لئے  غذر کے بوبر ماڈل ویلج    میں تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع غذر  کے گاں بوبر میں  2022 کے سیلاب کے باعث تباہ ہونے والی بستی کی جگہ نئے ماڈل ویلیج کے افتتاح اور متاثرین کو نو تعمیر شدہ  گھروں  کے ملکیتی کاغذات دینے کی  تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے   وزیراعظم نے کہا کہ وہ  اگست 2022 میں  یہاں آئے تھے جہا ں ہر طرف سیلاب کے بعد تباہی کے مناظر تھے ۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب اور بارشوں نے پورے گاں کو زمین بوس کر دیاتھا۔  آج  یہاں نئی بستی تعمیر کی جا چکی ہے۔ متاثرہ خاندانوں  کو ان کے گھروں کے ملکیتی کاغذات دیئے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم نے  متاثرین کی  بحالی   ، آباد کاری  اور تعمیر نو پر متعلقہ اداروں  اور حکام کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ   نئے تعمیر شدہ گھروں   کو موسم سرما میں رہنے کے قابل  بنانے کا انتظام کیا جائے۔ ماڈ ل ویلج  کے معیار کو جانچنے کے لئے کسی  تیسرے فریق سے توثیق کرائے بغیر ادائیگیاں نہ کی جائیں اور سکول، ڈسپنری اور کھیل کے میدان  سمیت  تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر اعظم  نے  ڈسپنسری میں  الٹراسانڈ ، ایکسرے  اور زچگی سمیت تمام ضروری سہولیات فوری فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے   بتایا کہ انہوں نے سیلاب متاثرہ  بچی قندیل  کے لئے 50 لاکھ روپے کے انڈوومنٹ  فنڈ کا اعلان کیاتھا  ، آج وہ فنڈ 67 لاکھ تک پہنچ چکاہے۔ وزیراعظم نے  متاثرین  کو ان کیگھروں کے الاٹمنٹ  لیٹرز  تقسیم کئے ۔

قبل ازیں وزیراعظم نے  بوبر ماڈل ویلج   کا افتتاح کیا ۔ ا س موقع پر وزیراعظم کو نئے تعمیر شدہ گھروں میں  فراہم کی جانے والی سہولیات اور معیار کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔  یہ ماڈل  ویلج   110 کنال اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے جس میں 62 گھرہے ۔ وزیراعظم کو بتایاگیا کہ  216 کلومیٹر  گلگت شندور شاہراہ بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے پر کام کی رفتار تیزکرنے کی ہدایت کی۔  قبل ازیں  وزیراعلی گلگت بلتستان  حاجی دلبر خان نے مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں گلگت بلتستان کی عوام کی مدد کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف  اور وفاقی حکومت کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا اور اراکان اسمبلی بھی موجود تھے