بیروت (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان کا دوسرا جہاز17ٹن امدادی سامان لے کربیروت پہنچ گیا،پاکستانی سفیرسلمان اطہرنے دیگرحکا م اور الخدمت کے نمائندو ں کے ہمراہ سامان وصول کیا۔
قبل ازیں مرکزی صدرڈاکٹرحفیظ الرحمن،نائب صدراعجازاللہ خان نے دیگرذمہ داران اورسرکاری حکام کے ہمراہ کراچی ائیرپورٹ سے امدادی سامان روانہ کیا۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے نتیجے میں لاکھوں خاندان متاثرہوئے ہیں الخدمت فاؤنڈیشن ان متاثرین کے لئے مسلسل ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
خصوصی طیارے کے ذریعے 100ٹن امدادی سامان لے کر گزشتہ دنوں نائب صدرائیرمارشل(ر)ارشدملک کے ہمرا ہ بیروت کا دورہ کیا، جنگ سے متاثرہ خاندان مختلف اسکولزمیں پناہ لئے ہوئے ہیں بے شمارخاندان شدید موسمی اثرات کے باوجود کھلے آسمان کے نیچے بھی موجود ہیں ہم نے متاثرین کی ضروریات کاجائزہ لیا۔ اسے مدنظررکھتے ہوئے پاکستانی عوام کے تعاون سے امدادی سامان بھجوایاجارہا ہے،بیروت پہنچنے والے دوسرے جہاز میں سلیپنگ بیگز،خیمے، کمبل،تیارخوراک، ہائی جین کٹس، ادویات، لباس، چاول،کوکنگ آئل سمیت 17ٹن امدادی سامان شامل ہے۔ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں فضائی حملے کے نتیجے میں متاثرہونے والے ہزاروں خاندانوں تک ان کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھجوانے کاسلسلہ مسلسل جاری رکھیں گے۔