چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے روسی فیڈریشن کونسل کے سپیکر کی وفد کے ہمراہ ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے روسی فیڈریشن کونسل کے سپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں سفارتی، معاشی، تجارتی اور پارلیمانی تعلقات کے فروغ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ویلنٹینا مٹوینیکو کے دورے سے پاک روس تعلقات کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموارہوں گی، اس دورے سے علاقائی امن، ترقی وخوشحالی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیل و گیس کے شعبوں اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے روس کی معاونت کو سراہتے ہیں، عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں عوامی نمائندے بہترین رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی  نے کہا  کہ پارلیمانی سفارت کاری ایک انتہائی موثر ذریعہ ہے، جغرافیائی لحاظ سے پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، عالمی مارکیٹوں تک رسائی میں پاکستان کا کرادار انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا، پاکستان میں توانائی کے مختلف منصوبوں میں روس کی دلچسپی کو سراہتے ہیں۔ویلنٹینا مٹو ینیکو نے کہا ہے کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔