لاہور(صباح نیوز)کمیونٹی سروسز الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتما م ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی مناسبت سے میر پور خاص، عمر کوٹ، حیدر آبار، گھوٹکی، بہاولپور اور مظفر گڑھ کے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ذکراللہ مجاہد نے شرکت کی اور 1200ہندو خاندانوں میں کپڑے اور چوڑیوں سمیت دیگرامدادی سامان تقسیم کیا ۔
ذکراللہ مجاہد نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں رہنے والے ہندو محب وطن ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اقلیتی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کا مقصد بین المذاہب یکجہتی اور مثبت روایات کو فروغ دینا ہے،الخدمت فاؤنڈیشن مذہب،مسلک، رنگ ونسل سے بالاترہوکردکھی انسانیت کیلئے خدمات جاری رکھے ہوئے ہے اقلیتی کمیونٹی کے تہواروں کے موقع پر ہرسال مستحق اور نادارخاندانوں کوفوڈ پیکج سمیت دیگرتحائف فراہم کرتے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ معاشرے میں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ مذہبی منافرت اورفرقہ واریت کی حوصلہ شکنی کی جائے اور مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کوفروغ دیا جائے۔ذکراللہ مجاہد نے بتایاکہ الخدمت جس طرح عیدین کے مواقع پر مستحق اور نادار افراد میں عید تحائف تقسیم کرتی ہے، بالکل اسی طرح دیوالی اور کرسمس کے موقع پر بھی تحائف تقسیم کا کام کیا جاتا ہے جس کا مقصد ایسے طبقے کو خوشیوں میں شامل کرنا ہے جن کی وسائل نا ہونے کی وجہ سے خوشیاں ماند پڑ جاتی ہیں ۔