لاہوریوں کو سموگ کیخلاف اعلان جنگ کرنا پڑے گا،مریم اورنگزیب

لاہور(صباح نیوز)سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز نے سموگ میں کمی لانے کیلئے موثر اقدامات کئے ،700 غیر قانونی بھٹوں کو گرایاگیا، لاہوریوں کو سموگ کیخلاف اعلان جنگ کرنا پڑیگا، عوام کی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،تمام گاڑیوں کو ای ٹرانسپورٹ پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔سینئر وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب میں حکومت سنھبالتے ہی سب سے پہلی ایئر کوالٹی انڈیکس کا مسئلہ اٹھایا اور سموگ کے خاتمے کیلئے ٹائم لائن ترتیب دی ،اس سے متعلقہ ہر ادارے کو صوبے سے آلودگی کے خاتمے کیلئے متحرک کیا اور قلیل، درمیانے وطویل مدتی اقدامات کئے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کو ختم کرنے کیلئے عوام میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے ،لہذا سموگ کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عوام اس میں اپنا حصہ نہیں ڈالیں گے کیونکہ نوے فیصد کردار عوام کو ادا کرنا ہو گا جبکہ باقی اس سلسلے میں حکومت تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی ۔انہوں نے مزیدکہا کہ لاہوریوں کو سموگ کیخلاف اعلان جنگ کرنا پڑیگا، جن ممالک نے آلودگی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے، انہیں اپنے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول مہیا کرنے میں کئی کئی سال لگ گئے لہذا ہمیں بھی اپنے ایئر کوالٹی کنٹرول کو بہتر کرنے اور شہریوں کو آلودگی سے پاک ماحول مہیا کرنے میں 8سے 9 سال درکار ہوں گے،لاہور کے شہری سال میں 275دن غیر صحت مند ہوا میں سانس لیتے ہیں

،شاہدرہ، شاد باغ، سرکلر روڑ ،بادامی باغ، شملہ پہاڑی، اقبال ٹائون، سمن آباد اور گلشن راوی سمیت دیگر علاقے سموگ کی آماجگاہ ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے زراعت،ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبوں میں آلودگی کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں،پچاس ہزار اینٹوں کے بھٹوںکا وزٹ کیا گیاجس میں سے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے تمام بھٹوں کیخلاف کارروائی کی گئی ،700 غیر قانونی بھٹوں کو مسماراور256 بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرایاگیا،اس معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے،عوام کی صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی لگائی گئی ہے،ان دنوں چاول کی فصل کی کٹائی جارہی ہے، رواں سال6 لاکھ ایکڑ رقبے پر چاول کی فصل کاشت کی گئی،اس دوران فصلوں کو آگ لگانے پر 400 سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو کاشتکار آلودگی پھیلانے کے لئے اپنی فصل کی باقیات کو جلائیں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا ئے گی،فصلوں کی باقیات کو جلانا سموگ میں اضافے کا باعث بنتا ہے