وزیراعلیٰ پنجاب سے بیلجیئم کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کومضبوط بنانے پرتبادلہ خیال

لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بیلجیئم کے سفیر چارلس ایڈسبالڈ   نے  ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور بیلجیئم کے سفیر نے مستقبل میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے مزید مواقع تلاش کرنے پر زور دیا، بیلجیئم کے سفیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی عوام دوست پالیسیوں کی تعریف بھی کی جبکہ بیلجیئم کے سفیر نے حکومت پنجاب کے معاشی ویژن کو بھی سراہا۔

اس موقع پر مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بیلجیئم دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بیلجیئم کے ساتھ تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے، تعلیم، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں بیلجیئم کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی میں عالمی معیار کی مہارتوں کی ٹریننگ دی جارہی ہے، پنجاب میں زرعی شعبے کی میکا نائزیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

سفیر چارلس ایڈسبالڈ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلائمیٹ چینج کے اثرات پر کنٹرول اور ماحول کی بہتری کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات متاثر کن ہیں، پنجاب میں ماحول دوست اختراعی اقدامات کے دورس نتائج حاصل ہوں  گے-چارلس ایڈسبالڈ نے کہا کہ بیلجیئم پاکستان میں سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے، تعلیم، زراعت اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔