لاہور (صباح نیوز)نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کہا ہے کہ ایس سی او اجلاس کے موقع پر دنیا میں پاکستان کا تشخص مثبت جانا چاہئے ۔اس کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے ۔تمام سیاسی پارٹیوں کو پاکستان کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے ۔ ملک و قوم کی عزت وقار اور سلامتی سے زیادہ کوئی چیز نہیں ہو سکتی ۔پاکستان ہے تو سیاست اور ہم سب ہیں ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سب ذاتی مفادات کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایس سی او کے اجلاس میں کشمیر اور فلسطین سمیت دنیا بھر میں ہونے والی جنگوں کے نتیجے میں معاشی پالیسیوں پر ہونے والے اثرات کو اجاگر کرے ۔ جنگوں نے عالمی برادری کو تباہی کے دھانے پر پہچا دیا ہے ۔ دنیا میں کروڑوں افراد بھوک افلاس کا شکار ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہندوستان نہتے مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے تو دوسری جانب اسرائیل امریکہ اور اپنے دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر غزہ پر مظالم کی انتہا کر چکا ہے ۔اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے اور مظلومین کی آواز سنیں۔جب تک دنیا میں امن کا غلبہ نہیں ہوتا اس وقت تک غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے ” ہیر یٹیج انڈیکس آف فریڈم” کی تازہ رپورٹ جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ” پاکستان میںمعاشی آزادی کا فقدان، 184ممالک میں سے 147ویں نمبر پر ہے ” پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا ہے کہ اس رپورٹ نے حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں کا پوسٹمارٹم کر کے رکھ دیا ہے ۔ملک پر دیوالیہ پن کے خطرات موجود ہیں ۔ عوام وسائل میں کمی اور غیر منصفانہ تقسیم کا شکار ہیں ۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکے۔ ہر ادارہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے