غزہ جیسے سانحات حل ہونے تک ترقی حاصل نہیں ہوسکتی ،خواجہ آصف


نیویارک(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ غزہ جیسے سانحات حل ہونے تک ترقی حاصل نہیں ہوسکتی ،سکیورٹی کے مسائل نئی نسل اور امن کیلئے خطرہ ہیں، سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی۔

اقوام متحدہ کی فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ غزہ جیسے سانحات حل کئے بغیر پائیدار ترقی نہیں ہوسکتی۔ فیوچر پیکٹ 100 سے زائد ممالک کیلئے ترقی، عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کا موقع فراہم کرتا ہے،معاہدہ تب ہی تبدیلی کا باعث بنے گا جب اس میں کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی، سکیورٹی کے مسائل نئی نسل اور امن کیلئے خطرہ ہیں، 100 سے زائد ترقی پذیر ممالک کو مواقع مہیا کرنے کیلئے عالمی نظام اصلاحات کی ضرورت ہے، عالمی برادری کے طور پر دنیا کیلئے بہتر راستہ طے کرنے میں ہمارا کردار ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ملکر کام کرنے سے محفوظ، زیادہ پرامن، جامع، پائیدار، خوشحال مستقبل حاصل کر سکتے ہیں، نئی نسلوں سے متعلق مستقبل کے حل کیلئے معاہدے کی ضرورت ہے۔ا نہوںنے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کو چاہئے کہ وہ مالی طور پر کمزور ممالک کو قرض میں ریلیف دیں، عالمی مالیاتی اداروں کو ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مالی تعاون کرنا چاہئے، پاکستان آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان گلوبل ڈیجیٹل کے ذریعے دنیا میں مواصلاتی خلا کو بھی ختم کرنا چاہتا ہے، مساوی مستقبل کے لئے ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنا ہو گی،ہمیں عالمی شمال اور جنوب کے درمیان پائے جانے والا خلا کو ختم اور ڈیجیٹل اسپیس کی ترقی میں تفاوت کی وجہ سے مشرق اور مغرب کے درمیان بڑھتی تقسیم کو روکنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ 4 ہزار ارب ڈالر کا ایس ڈی جی فنانسنگ فرق پر کرنے کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں اورماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔