پاکستانی خاتون سلیمہ امتیاز کی آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ڈیولپمنٹ امپائرز میں نامزدگی


 اسلام آباد(صباح نیوز) دو طرفہ انٹرنیشنل سیریز اور آئی سی سی ویمنز ایونٹس میں امپائرنگ کے لیے پاکستانی خاتون کو منتخب کر لیا گیا ہے ۔ سلیمہ امتیاز آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ڈویلپمنٹ امپائرز میں نامزدگی کے بعد جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف ٹی20 ہوم سیریز میں امپائرنگ کریں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ان کی نامزدگی کے بعد سلیمہ امتیاز خواتین کے دو طرفہ بین الاقوامی میچوں اور آئی سی سی ویمنز ایونٹس میں فرائض انجام دیں گی جو پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

سلیمہ امتیاز کی عمر 52سال ہے اور وہ پاکستانی ویمن کرکٹر کائنات امتیاز کی والدہ ہیں۔ انہوں نے اپنے امپائرنگ کرئیر کا آغاز 2008 میں پی سی بی ویمنز امپائرز پینل کے ساتھ کیا تھا اور ان کے وسیع تجربے میں ایشین کرکٹ کونسل کے تحت اعلی سطح کے ایونٹس میں امپائرنگ شامل ہے۔

ان کے کیریئر میں 2022 اور 2024 اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیا کپ اور 2023 میں اے سی سی ایمرجنگ ویمنز کپ ہانگ کانگ قابل ذکر ہیں۔ حال ہی میں وہ کوالالمپور میں اے سی سی ویمنز پریمیئر کپ 2024 کی  پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی رکن بھی تھیں۔