اسلام آباد (صباح نیوز) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ہاسٹلز کی بندش کے خلاف طلبہ سراپا احتجاج بنکر سڑکوں پر نکل آئے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے زبردست احتجاج ،ہم چھین کے اپنا حق لیں گے ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے ، کے نعرے ۔ہاسٹلز کی بندش کے بارے میں حکومتی اقدام کے نتیجہ میں ساڑھے چار ہزار طلبہ و طالبات متاثر ہوئے ہیں ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف مقامات پر عارضی طور پررہائش حاصل کرنے والے یہ طلبہ و طالبات ہاسٹلز نہ ہونے کی وجہ سے تعلیمی سلسلے کو برقرار رکھنے کے حوالے سے شدید مشکلات سے دوچار ہو گئے ہیں ۔ اتوار کو نیشنل پریس کلب کے سامنے اسلامی جمعیت طلباء کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب شمالی سید تصور کاظمی ،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ اسلامیہ احمد عبداللہ اور علی نصیر نے قیادت کی ۔ بڑی تعداد میں ہاسٹلز سے نکالے گئے طلباء نے مظاہرے میں شرکت کی ۔ ریلی کی قیادت اسلامی جمعیت طلباء شمالی پنجاب کے ناظم نے کی ۔ اسلامی جمعیت طلباء اسلام آباد کے کارکنوں نے بھی مظاہرے میں شرکت کی اور آئندہ مرحلے میں سخت احتجاج کی دھمکی دے دی ہے ۔