راولپنڈی(صباح نیوز) ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن راولپنڈی اور برطانوی نژادپاکستانی آئی ٹی کمپنی وکلا ڈاٹ کام نے معاہدے پر دستخط کردیئے معاہدے کے تحت ہائیکورٹ بار کو ویب سائیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں لافرم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا بار کے صدر ملک جواد خالد نے کہا ہے کہ آن لائن عدالتی نظام چیف جسٹس کا ویژن ہے اور اس ویژن کے تحت پاکستان میں ہائی کورٹ بارراولپنڈی نے ڈیجٹلائزیشن کی جانب پہلا قدم بڑھا دیا ہے ۔ہائیکورٹ بار راولپنڈی میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کی پہلی بار میں ویب سائیٹ کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا جو دنیا بھر کی لا فرم سے منسلک ہوگی نئی ویب سائٹ کا افتتاح برطانوی نژاد پاکستانی آئی ٹی کمپنی ” وکلا ڈاٹ کام کے تعاون سے کیا گیا اس موقع پر ہائی کورٹ بار اور وکلا ڈاٹ کام کے درمیان ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے بار کے صدر ملک جواد خالد اور وکلا ڈاٹ کام کے سی ای او قمر الرحمان مرزا نے معاہدے پر دستخط کئے اس موقع پر کہوٹہ لا کالج میں وکلا کے لئے سکالرشپ کے لئے کالج کے سی ای او صاحبزادہ زبیر ہاشمی نے معاہدے پر بھی دستخط کئے گئے تقریب میں ہائی کورٹ بار کے سیکریٹری شبیر احمد مرزا، نائب صدر ارشد محمود جنجوعہ،ایڈیشنل سیکریٹری سمیرا یوسف، جوائنٹ سیکریٹری اسما عباسی وکلا ڈاٹ کام کے ڈائریکٹرز اسد محمود اور ابرار احمد، سینئر وکلا توفیق آصف ایڈووکیٹ، تنویر اقبال ایڈووکیٹ، ڈویژن بھر کی بار ایسوسی ایشنوں کے صدور و سیکرٹریوں اور وکلا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ملک جواد خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہائی کورٹ بار پاکستان کی پہلی بار ہے جسے ڈیجٹلائزیشن کے ذریعے دنیا سے منسلک کردیا گیا ہے جس کے بعد راولپنڈی ہائی کورٹ بار کے وکلا بیرون ممالک میں بھی اپنے کلائنٹس سے رابطہ رکھ سکیں گے جس سے پٹیشن کی تیاری اور پٹیشن دائر کرنے سے کیس کی سماعت اور فیصلے تک وکلا اپنیبیرون ملک موکلان سے رابطے میں رہیں گے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کا بھی یہ ویژن ہے کہ عدالتی نظام کو آن لائن کیا جائے اسی ویژن کے تحت ہائی کورٹ بار نے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب پہلا قدم بڑھا دیا ہے بار کی ویب سائٹ سے نہ صرف ہمارے وکلا کے اندرون و بیرون ملک پیشہ ورانہ طور پر نئی راہیں متعین کریں گے بلکہ ان کے ذرائع آمدن میں بھی اضافہ ہوگ اسی طرح ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کے تحت ای وکالت نامہ متعارف کروایا جائے گا اس طرح مستند وکلا ہی پریکٹس کرسکیں گے اور غیر مستند وکلا از خود فارغ ہو جائیں گے بار کے تمام ووٹروں اور اراکین کی ڈیجیٹلائزیشن کے بعد بار انتخابات بھی بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہوں گے اور پولنگ مکمل ہونے کے بعد 15 منٹ میں نتائج کا اعلان کردیا جائے گا انہوں نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کے بعد رجسٹرڈ وکلا ایک سال تک مفت سہولت حاصل کر سکیں گے