کینیڈا، ترکیہ، سعودی عرب ، پاکستان دیگر ممالک کا غزہ سکول پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ


واشنگٹن(صباح نیوز)غزہ میں ایک اسکول پر وحشیانہ اسرائیلی حملے نے دنیا کو ہلاکر رکھ دیا ہے کینیڈا، ترکیہ، سعودی عرب، پاکستان سمیت دیگر ممالک نے بھی اسرائیلی وحشیانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ قطر نے پناہ گزین اسکول پر حملے کی عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ترکیہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے التابعین اسکول پر حملہ اسرائیل کا انسانیت کے خلاف ایک اور نیا جرم ہے۔ امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے بھی حملے پر تشویش کا اظہار کیا، کملا ہیرس نے کہا حملے میں بڑی تعداد میں لوگ جان سے گئے، فریقین جنگ بندی کے لیے مذاکرات پر زور دیں۔

روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں شہریوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیلی حملے غزہ جنگ بندی کی بین الاقوامی کوششوں کو سبوتاژ کر رہے ہیں، روس نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل شہریوں پر حملے فوری روکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے۔ پاکستان ہر محاذ پر فلسطینی بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔روس نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں شہریوں پر حملے بند کرے، التابین اسکول پر مہلک اسرائیلی حملے انتہائی قابل مذمت ہے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ اسرائیلی حملے جن میں شہری ہلاکتیں ہوتی ہیں منظم دکھائی دیتے ہیں، غزہ میں التابین اسکول پر مہلک اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کی جانب سے ایسی حرکتوں کا کوئی جواز نہیں اورنہ ہوسکتا ہے۔

برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا کہ غزہ کے اسکول پر اسرائیلی حملے نے خوفزدہ کردیا ہے، التابین اسکول پر اسرائیلی حملے اور المناک جانی نقصان سے پریشان ہوں۔بیلجیئم کے وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا کسی صورت قبول نہیں، اسرائیل کی جنگ فوری رکنی چاہیے، ہرصورت جنگ بندی ہونی چاہیے، آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قانون کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہے۔

دریں اثنا ترجمان یونیسیف نے کہا کہ یونیسیف کو غزہ کی پٹی میں دشواری کا سامنا ہے، فلسطینی علاقوں میں سامان کی نقل و حمل میں چیلنجز درپیش ہیں، اقوام متحدہ کا ادارہ بچوں کو اسٹیشنری کٹس فراہم کرنے سے قاصر ہے۔الجزیرہ کے مطابق ایک طرف جب کہ غزہ شہر کے اسکول پر، جو پناہ گزینوں کی رہائش گاہ تھی، اسرائیل کے تازہ ترین حملے کے بعد طبی عملہ اور زندہ بچ جانے والے متاثرین کے جسم کے اعضا اکٹھے کر رہے اور لاپتا افراد کو ڈھونڈ رہے ہیں، وہاں دوسری طرف عالمی رہنما اس بمباری کے خلاف حسب معمول مذمتی بیانات جاری کر رہے ہیں۔

اسکول پر اسرائیلی حملے کے بعد الجیریا نے منگل کو سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست دے دی ہے۔ اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب نے کہا کہ اسکول پر اسرائیلی حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی نہیں چاہتا۔