راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ،عوامی ریلیف کے معاہدہ پر پہرہ دے گی حکمرانوں کوبھاگنے نہیں دیں گے،غلامی اور ظلم کی ہر شکل کو مٹا دیں گے پہلی بارجاگیرداروں کو للکار ا گیا ،معاہدے کی ایک ایک شق پر عملدرآمد کرائیں گے گنتی شروع ہو گئی ہے ۔ ایک دن کم اور 44 دن رہ گئے ہیں عزت سے چلو گے یہی رویہ اختیار کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو مری روڈ رحمان آباد میں یوم تشکر کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جماعت اسلامی کے دیگر مرکزی صوبائی رہنماؤں لیاقت بلوچ ،امیرالعظیم ، میاں محمد اسلم ، فرید احمد پراچہ ، پروفیسر محمد ابراہیم ، اسامہ رضی سمیت عارف شیرازی ، نصر اللہ رندھاوا اور رضا شاہ نے بھی خطاب کیا ۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شرکاء دھرنا کو پذیرائی ملی کہ اس لیے نکلے پچیس کروڑ عوام کو ریلیف دیا جائے، یہ کسی کے زندہ باد مردہ باد کا مسئلہ یا ذاتی مفاد کا معاملہ نہیں تھا بجلی کے بھاری بل گھر گھر آتے ہیں سب پریشان ہیں ۔ صاحب ثروت بھی مہنگی بجلی کے حوالے سے بے بس نظر آئے ۔
پر امن رہ کر زبردست تاریخ رقم کی ہے اور حکمرانوں کو تحریری معاہدے پر مجبور کر دیا جس کے تحت بجلی کے بل کم ہوں گے اضافی ٹیکسوں پر نظرثانی کی جائیگی ۔ آئی پی پیز کے جائزہ کے لیے نوٹی فیکیشن جاری ہو چکا ہے ۔ ہر گزرتے دن عوامی طاقت میں اضافہ ہو رہا ہے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور یہی وجہ ہے کہ معاہدہ تحریر کر دیا ۔
آئی پی پیز کے معاہدوں کا تفصیلی فرانزک آڈٹ ہو گا ۔ جاگیرداروں پر ٹیکس لگے گا یہ وہ طبقہ ہے جو اپنی دولت طاقت سرمائے کی بنیاد پر اپنی پسند کے معاہدے کروا لیتا ہے اقتدار کی میوزیکل چیئر ہے ۔ حکومتیں اور آئی ایم ایف ملکر ملک کو برباد کرتے رہے ۔ معیشت کو گروی رکھ دیا گیا ۔
ٹیبل کے اوپر ایک معاہدہ نیچے دوسرا معاہدہ کیا جاتا ہے جس کے تحت آئی ایم ایف ہماری تہذیب ثقافت تعلیم قوانین پر اثر انداز ہوتا ہے ۔ جماعت اسلامی کا عزم ہے آئی ایم ایف سے نجات دلائیں گے ۔ پہلی بار جاگیرداروں کو للکارا گیا ہے ۔ غلامی اور ظلم کی ہر شکل کو مٹا دیں گے جاگیرداروں کی ناجائز زمینیں کسانوں اور ہاریوں میں تقسیم کی جائیں ۔
ہمیں کسان کاشتکار ہاری عزیز ہیں جو جاگیرداروں کی گرفت میں ہیں ۔ حکومت کو ڈیڑھ ماہ کی مہلت دی ہے قرضوں اور غلامی کے نظام کو چیلنج کیا ہے آئی ایم ایف سے گٹھ جوڑ کرنے والوں اور خود سامراج کے نمائندے آئی ایم ایف کو دنیا بھر میں بے نقاب کریں گے ۔ ان سے جان چھڑائیں گے بڑے انقلاب کا ایجنڈا ہے ۔
حکمرانوں پر واضے کر دینا چاہتا ہوں کہ زرداری نے جس طرح کہا معاہدے ٹوٹنے کے لیے ہوتے ہیں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔ زرداری اور ریاض ملک ایک دوسرے کے سہولتکار بنے رہے ۔ سندھ اور بلوچستان کی زمینیں اونے پونے خریدیں لوگوں سے پیسے ل ے کر پلاٹوں کا جھانسا دیا لوگ حکمرانوں کے پاس بھی گئے پی ٹی آئی بھی موجود تھی اس میں بھی کچھ اس وقت ہل جل تھی مگر ہر طرف سے ایک ہی آواز آئی ملک ریاض ہماری ڈیڈ لائن ہے۔
ملک ریاض نے جماعت اسلامی کو بھی پیغام دیا کہ اپنے لوگوں کا ڈیٹا دے دو مسئلہ حل ہو جائے گا ۔میں نے واضح کر دیا کہ سارے پاکستان کے لوگ ہمارے لوگ ہیں پیسے واپس کرو ۔ نہ صرف معاہدہ ہوا بلکہ ایک ایک متاثرہ شخص کو پیسے ملے ۔ یہ وہ روایتی دھرنا نہیں تھا کہ چار دن کے لیے دھرنا دے کر ٹی وی پر تقریر کر کے گھر چلے جائیں ۔
ہمارے معاہدے کی حیثیت ہے عوام کے ساتھ آگے بڑھیں گے ایک ایک شق پر عملدرآمد کرائیں گے اڑتالیس دنوں کا وقت مانگا تھا گنتی شروع ہو گئی ہے ۔ ایک دن کم اور 44 دن رہ گئے ہیں عزت سے چلو گے یہی رویہ اختیار کریں گے ۔ جماعت اسلامی کو ہلکا نہ سمجھو فی یونٹ 77 پیسے کا ریلیف مونگ پھلی کے دانے کے مساوی ہے ہ میں بجلی کی لاگت کے مطابق بلز چاہئیں ۔41 دن بعد پشاور 42 دن بعد لاہور میں دھرنا اور جلسہ عام ہوں گے ۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب میں اپنیح پروگرامات کے شیڈول مرتب کریں گے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کے آپشن موجود ہیں نوجوانوں چودہ اگست کے آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا حکمرانوں کو حق دینا پڑیگا پاکستان کو مکمل طور پر ہر حوالے سے آزاد کروانا چاہتے ہیں غلام خارجہ پالیسی ہے ادھر ادھر کے ممالک کی طرف دیکھتے ہیں کشمیر کی طرف نہیں دیکھتے ہم اپنی شہ رگ کے شانہ بشانہ ہیں اطلاعات ہیں کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ اور بھارتی آرمی چیف کے درمیان عمران خان کی حکومت کے دوران رابطہ ہوا ہے اور مودی کو مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کا اختیار دے دیا گیا موجودہ آرمی چیف سے مطالبہ کرتا ہوں اس معاملے کی چھان بین کروائی جائے اور آئی ایس پی آر کے ذریعے وضاحت کی جائے ۔
قراردادوں اور تقریروں سے کشمیر آزاد نہیں ہو گا بزور شمشیر آزاد ہو گا ۔ حافظ نعیم نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین کے ہاتھوں اسرائیل اور امریکا شکست کھا چکے ہیں ۔ مجاہدین کا سامنا کرنا کے بجائے معصوم آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں مگر عالم اسلام بھی تو 77 لاکھ فوجیں رکھتا ہے چالیس ممالک کی افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کہاں ہیں ۔
انہیں کس لیے سربراہ بنایا گیا تھا جنرل راحیل شریف کی تلاش گمشدہ ہے پتہ لگائیں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مطالبات کے حوالے سے حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیں گے اسلام آباد آنے کا اعلان ابھی باقی ہے ۔اور جماعت اسلامی اس معاہدے پر پہرا دے گی ۔ خارجہ پالیسی کو آزاد کرو امریکا برطانیہ چین کسی کی محکومی اور غلامی نہیں چاہیے ۔
پاک چین تعلقات بھی دوستی کی طرح نظر آنی چاہیے ان میں عزت و وقار نظر آئے ۔ ہم اپنے کارکنوں کو بڑی مزاحمت کے لیے تیار کر چکے ہیں اب اس تحریک کو روک نہیں سکو گے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ ظالمانہ نظام کے خلاف عوام بیدار ہو چکے ہیں ۔ حقیقی معنوں میں قیام پاکستان کے مقاصد سے ملک ہمکنار ہو گا دھرنے نے سیاست آئین جمہوریت مزاحمت مذاکرات ہر حوالے سے تاریخ رقم کی ہے اور یہ دھرنا کامیابی سے منزل کی طرف بڑھ رہا ہے ۔
دھرنے کے مقاصد قومی اہمیت رکھتے ہیں عوام مسائل کے سمندر میں غرق ہیں ۔ زبانی کلامی سب جماعتیں مسائل کی بات کرتی ہیں مگر حافظ نعیم الرحمان پوری جرات کے ساتھ میدان میں نکلے ہم نے ملک و قوم کو انارکی مایوسی افراتفری سے بچایا ہے ۔ قوم میں نیا حوصلہ پیدا ہوا ہے کہ مستقبل تاریک نہیں ہے ۔
ہر قسم کے تعصبات سے بچایا پہلی بار معاہدے پر دستخط ہوئے ۔ آئی پی پیز کی جانچ پڑتال ہو گی حکمرانوں کو حقیقی معنوں میں عوامی شکنجے میں آ گئے ہیں ۔ معاہدے پر عملدرآمد کے لیے جلسہ عام دھرنوں احتجاج کا دباؤ قائم رکھیں گے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا کہ ظلم و جبر کے خاتمے کے لیے سب متحد ہو رہے ہیں ۔
معاہدے کے حوالے سے نہیں بلکہ کارکنوں کی استقامت ثابت قدمی کے حوالے سے مبارکباد دیتا ہوں ۔ حق کی تحریک ہے دین کا دروازہ اقتدار کے ایوانوں میں کھولنا چاہتے ہیں ۔ آئی پی پیز کا محاسبہ ہو گا ۔ جماعت اسلامی کے دیگر رہنماوں میاں محمد اسلم ، فرید احمد پراچہ ، پروفیسر محمد ابراہیم ، اسامہ رضی ، عارف شیرازی ، نصر اللہ رندھاوا اور رضا شاہ نے بھی خطاب کیا اور راولپنڈی اسلام آباد کے عوام سے اظہار تشکر کیا ۔