وزیراعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات

آستانہ(صباح نیوز) آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے درمیان ملاقات ہوئی۔ سیاسی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بیلاروس کی شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت پر صدر لوکاشینکو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے تنظیم مزید مضبوط ہو گی۔ دونوں رہنماوں نے گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور بیلاروس تعلقات کے تمام پہلوں میں مثبت نمو پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدہ مند تعاون اور اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے بیلا روس کے صدر کو حکومت پاکستان کی برآمدات پر مبنی نمو ، عوامی مالیات کی مضبوطی اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی بحالی کی پالیسی کے بارے  بتایا۔ دونوں رہنماوں نے عالمی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے تحت کام کے مختلف پہلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم خطے کے لیے پاکستان کی کوششوں اور خواہشات کا اظہار کیا۔