تہران ۔ایران میں 28 جون کو ہونے والے قبل از وقت صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے باعث اب ملک میں 5 جولائی کو دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی وزارت داخلہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 5 جولائی کو ایران میں دوبارہ پولنگ ہوگی۔ اب دوسرے مرحلے میں صدارتی امیدواروں مسعود پزیشکیان اور سعید جلیلی مدمقابل ہوں گے۔عارضی نتائج کے مطابق 2 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ ووٹوں کی گنتی کے بعد قانون ساز مسعود پیزشکیان ایک کروڑ 40 لاکھ ووٹ لیکر سب سے آگے رہے جب کہ سابق سفارت کار سعید جلیلی 90 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان محسن اسلمی نے کہا کہ کوئی بھی امیدوار فیصلہ کن اکثریت حاصل نہیں کر سکا، اس لیے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے پہلے اور دوسرے نمبر پر رہنے والے امیدواروں کو دوسرے رانڈ کے لیے گارڈین کونسل کے پاس بھیجا جائے گا۔صدارتی امیداروں میں پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر اور سابق اسپیکر محمد باقرقلیباف، سابق جوہری مذاکرات کار سعید جلیلی جو 4 سال تک سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا سرکاری دفتر بھی چلاتے رہے ہیں, شامل تھے۔صدارتی امیدوار محمد باقر 34 لاکھ ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والے محمدی محض نے 2 لاکھ سے زیادہ ووٹ لیے۔الیکشن کمیشن آف ایران نے بتایا ہے کہ قبل ازوقت ہونے والے صدارتی انتخابات میں ووٹر ٹرن آٹ 40 فیصد رہا ہے، جبکہ 2021 میں جب انتخابات ہوئے تو ٹرن آٹ 48 فیصد تھا۔واضح رہے کہ ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی گزشتہ ماہ ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے جس کے باعث ملک میں قبل ازوقت انتخابات منعقد ہوئے۔