وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے ڈویلپمنٹ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی، ہر زون کی علیحدہ شناخت کے لئے مخصوص کلر استعمال کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

دوران بریفنگ بتایا گیا کہ پہلے فیز میں لاہور کے چھ زون کی تعمیرومرمت اور ڈویلپمنٹ کی جائے گی، لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ فیز ون کی تکمیل کے لئے 10 ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر ہے، فیزون کی تکمیل کے بعد فیز ٹو میں دیگر زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے فیز میں راوی، شالیمار، سمن آباد، داتا گنج بخش، نشتر ٹاؤن، گلبرگ اور ریلوے ایریا شامل ہوگا جبکہ دوسرے فیز میں علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی جائے گی، پہلے فیز میں چھ زون کی ڈویلپمنٹ اور تعمیر ومرمت کی لاگت کا تخمینہ 74 ارب 15 کروڑ روپے ہے۔

دوران بریفنگ مزید کہا گیا کہ پہلے فیز میں شامل چھ زون کی 93 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی، ڈویلپمنٹ پلان میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام، رابطہ سڑکوں اور پختہ گلیوں کی تعمیر شامل ہے، سٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور پارکس کی بحالی بھی ڈویلپمنٹ پلان میں شامل ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر ڈویلپمنٹ پلان کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کر دیا گیا۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر اعلی حکام بھی شریک تھے۔