اسلام آباد (صباح نیوز)ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثہ میں المناک موت پر دنیا کے مختلف رہنماؤں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی سیاسی قیادت نے بھی ایرانی صدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی المناک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی المناک موت کا سن کر ہمیں گہرا رنج ہوا ہے۔
ایرانی صدر ، مصیبت زدہ فلسطینی عوام کے لیے اپنے ملک کی پرعزم حمایت کی قیادت کررہے تھے ۔عمران خان نے مزید کہا کہ ہماری دلی تعزیت اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام اور قیادت کے ساتھ ہے ہم ان کے دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا کیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا وہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان اور دیگر اعلی ایرانی حکام کے انتقال پر صدمے اور گہرے غم میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا، ایرانی صدر ایک مدبر اور ممتاز عالم دین تھے، اسی طرح ایرانی وزیر خارجہ بھی ایک متحرک سفارت کار تھے، یہ دونوں پاکستان کے قابل اعتماد دوست تھے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ دن پاکستان میں ہمارے لیے انتہائی دکھ اور افسوس کا دن ہے۔
انہوں نے سپریم لیڈر اور ایرانی عوام سے گہری ہمدردی اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین اور ایرانی قوم کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر اپنے پیغام میں ہیلی کاپٹر حادثے کو المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا، ہم ایران کے برادر عوام بالخصوص صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، آمین۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی دعائیں مرحومین کے اہل خانہ اور تمام ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر افراد کی شہادت پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے، پاک ایران تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان اور جماعت اسلامی ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر افراد کی شہادت پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے ، پاک ایران تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان اور جماعت اسلامی ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا،
پاکستان کی عوام اور جمعیت علما اسلام کی طرف سے ایران کی عوام، ان کی قیادت و حکومت اور سانحے میں جاں بحق صدر رئیسی، وزیرخارجہ اور انکے ہمسفر ساتھیوں کے خاندانوں اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔میں پاکستان کی عوام اور جمعیت علما اسلام کی طرف ایران کی عوام ،ان کی قیادت و حکومت اور سانحے میں جاں بحق صدر رئیسی، وزیرخارجہ اور انکے ھمسفر ساتھیوں کیخاندانوں اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ھوں۔ غم کی اس گھڑی میں ھم ان کے ساتھ ھیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔نائب وزیراعظم نے پیر کو ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ دورہ پاکستان کے دوران مرحوم ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے پاک ایران تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ ایرانی قوم کے لئے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم رہنمائوں کے بلند درجات کے لئے دعا بھی کی۔