اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کی رکنیت کی منظوری دے دی

نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کی رکنیت کی منظوری دیتے ہوئے اس کے نئے حقوق اور مراعات  دینے کے حق میں ووٹ دیا ہے اور سلامتی کونسل سے رکنیت کی منظوری کی درخواست کی ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کو نئے حقوق اور مراعات دینے کی قرارداد 9 کے مقابلے میں 143 ووٹوں سے منظور کرلی۔ اس ووٹ میں فلسطین کے 194 ویں رکن بننے کے حق کو بھی تسلیم کر لیا گیا ہے۔

اس دوسرے حصے کا مطلب یہ ہے کہ فلسطین کی رکنیت کی کوشش اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھیجی جائے گی تاکہ اس معاملے پر مثبت نظر ثانی کی جا سکے۔ گزشتہ ماہ سلامتی کونسل میں پیش کی گئی فلسطینی درخواست کو امریکانے جنرل اسمبلی میں وسیع پیمانے پر حمایت کے باوجود ویٹو کر دیا تھا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکا اسے بھی ویٹو کر دے گا۔

اقوام متحدہ میں امریکا کے نائب سفیر رابرٹ ووڈ نے اس موقف کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ موجودہ قرارداد کی مخالفت کرتی ہے۔اگر فلسطین اقوام متحدہ میں ایک مکمل رکن بن جاتا ہے تو وہ فلسطینی ریاست کو موثر طریقے سے تسلیم کر لے گا، جس سے امریکا کے قریبی اتحادی اسرائیل  اسے روکنے کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہا ہے