پاکستان سوئٹزرلینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تعاون کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں محمد اسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز)  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، کلائمیٹ، سیاحت اور مائگریشن میں تعاون کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان خیالات کا اظہار سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج سٹینر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے یہاں ملاقات کی۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں کاروبار کرنے والی سوئس کمپنیوں کو سراہا اور مزید سوئس کمپنیوں کو پاکستان میں خاص طور پر قابل تجدید توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔

نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ سال ڈیزاسٹر مینجمنٹ پر مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ فریقین کے درمیان مزید تعاون کو فروغ دے گا جس سے وہ مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی اور مہارت کو بروئے کار لا سکیں گے۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال اور کثیر الجہتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کثیرالجہتی معاملات میں سوئٹزرلینڈ کے کردار کے ساتھ ساتھ انسانی ہمدردی اور قیام امن کی کوششوں میں ملک کے تعاون کو بھی سراہا۔ بیان کے مطابق پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان قریبی تعلقات قائم ہیں، سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے گزشتہ سال جولائی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان اس سال جنوری میں دو طرفہ سیاسی مشاورت ہوئی تھی۔