9 مئی کو تشدد کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے، صدر مملکت زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 9 مئی کا دن ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، سانحہ کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابداہ ٹھہرانا چاہیے۔9 مئی کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا، سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

صدر مملکت کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے وقعات ریاستی رٹ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھے جن سے صرف ملک دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے، 9 مئی کو تشدد کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

تشدد کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان افسوسناک واقعات سے ملک کا تشخص شدید مجروح ہوا جس سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے۔صدر مملکت نے گروہ کے حملوں کو ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے کی کوشش قرار دیا۔آصف زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہار کیا۔