ازبکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مزید وسعت لانے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی اور سیاحتی روابط مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے طابق ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ تجارت، معیشت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ، پاکستان برادر ملک ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک ازبک تعلقات صدیوں پرانے اور مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں،دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان علاقائی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، وسطی ایشیائی ممالک پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع سے مستفید ہوں ۔صدر مملکت نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے بارٹر ٹریڈ ، مقامی کرنسی کے استعمال ، تجارتی تعلقات بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک میں بینک کھولنے کی تجاویز دیں ۔وزیر خارجہ بختیار سیدوف کا دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے ، باہمی شراکت داری بہتر بنانے کیلئے روڈ میپ تیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ایکشن پلان کی ضرورت ہے ، امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ راہداری سے دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر کی جانب سے صدر مملکت کیلئے نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔