گوادرمیں مسلح افراد کا کوارٹر پرحملہ، پنجاب کے 7 حجام قتل،ایک زخمی


گوادر (صباح نیوز) بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے سربندر میںمسلح افراد نے رہائشی کوارٹر میں سوئے ہوئے7 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد پنجاب سے آئے ہوئے تھے۔ایس ایس پی گوادر نے بتایا گوادر شہر سے 25 کلو میٹر دور سربندر کے علاقے میں فش ہاربر جیٹی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے رات 3 بجے کے قریب رہائشی کوارٹر میں گھس کر فائرنگ کرکے سوئے ہوئے 7 افراد کو قتل کردیا۔ واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔اطلاع ملنے کے بعد لاشوں اور زخمی کو گوادر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا جاتا ہے، جو سربندر میں حجام کی دکان میں کام کرتے تھے۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے سربندر کو گھیرے میں لے کر نامعلوم ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق مارنے جانے والے افراد کی شناخت ساجد ،اسد عنصر، شان، مکرب ،عدنان ،حسیب کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ زخمی شخص کا نام ارسلان ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں 7افراد کے بیہمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مقتولین کے درجات بلند کرنے کی دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مزید کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ ملک دشمنوں کا بزدلانہ فعل ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پر عزم ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوارد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بہیمانہ واقعہ میں 7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت ہے، سوگوارخاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے خانیوال سے تعلق رکھنے والے7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی مریم نواز نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے دہشت گردوں کوصفہ ہستی سے مٹادیں گے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے گوادر واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے اور ان کے خلاف جس قسم کی فورس استعمال کرنا پڑی کریں گے، مگر ریاستی رٹ ہر صورت برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو نے گوادر واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ سختی سے نمٹیں گے۔ نہتے معصوم مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے۔ واقعے کا تمام پہلوں سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی فیملیز سے رابطہ کیا جارہا ہے۔