رفح پر حملے کیخلاف ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے ریلی نکالی گئی


لندن(صباح نیوز)اسرائیلی افواج کے رفح پر حملے کے خلاف برطانیہ میں ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے ریلی نکالی گئی، جنگ مخالف تنظیموں کی ریلی کے شرکا نے جنگ بندی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔

ریلی کے شرکا ء کا کہنا تھا کہ رفح کراسنگ پر قبضے کا مطلب ہے کہ غزہ میں امدادی سامان نہیں پہنچ سکے گا۔ شرکا ء نے کہا کہ حماس کے جنگ بندی قبول کرنے کے باوجود اسرائیل جنگ پر تلا ہوا ہے، برطانیہ، اسرائیلی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور ہتھیاروں کی فروخت فوری طور پر روکے۔ ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کیلئے مذاکرات کے باوجود اسرائیلی جارحیت کا مقصد جنگ جاری رکھنا ہے، اسرائیل کو رفح پر حملے سے نہ روکا گیا تو ہزاروں مزید جانوں کا ضیاع ہوگا۔ دوسری جانب برطانیہ کی متعدد یونیورسٹیز کے طلبہ بھی احتجاجی کیمپ لگا کر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔